۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
آیت الله صالحی مدرس

حوزہ/ حوزہ علمیہ قم کا پیغام دنیا کے تمام مسلمانوں اور علماء تک پہنچنا بہت ہی ضروری ہے،کیونکہ آج پوری دنیا کی نظر حوزہ علمیہ قم پر ہے اور حوزہ علمیہ کو فقہی مسائل پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ موجودہ مسائل پر بھی توجہ دینی چاہئے اور یہ کام ذرائع ابلاغ کے ذریعے سے ہی انجام دیا جا سکتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ آیۃ اللہ محمد ہاشم صالحی مدرس نے حوزہ علمیہ ایران کا خبر رساں ادارہ"حوزہ نیوز ایجنسی" کا دورہ کیا۔اس موقع پر حوزہ علمیہ ایران کے میڈیا اور سوشل میڈیا شعبہ کے انچارج حجۃ الاسلام و المسلمین محمد رضا برتہ نے آیۃ اللہ صالحی مدرس کا استقبال کیا اور حوزہ نیوز ایجنسی کی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ کے ذرائع ابلاغ دوسرے ذرائع ابلاغ سے مختلف ہیں اور حوزہ ہائے علمیہ کے ذرائع ابلاغ کا اہم ہدف،دنیا تک مکتب اہل بیت(ع)کے تعلیمات کو صحیح و واضح اور بروقت پیش کرنا ہے۔ ساتھ ہی حوزہ علمیہ کے ذرائع ابلاغ سے جوڑے ہوئے تمام خبر نگار قارئین تک حقیقت پر مبنی خبریں پہنچانے کو اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔

شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ نے اس موقع پر حوزہ نیوز کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم کا پیغام دنیا کے تمام مسلمانوں اور علماء تک پہنچنا بہت ہی ضروری ہے،کیونکہ آج پوری دنیا کی نظر حوزہ علمیہ قم پر ہے اور حوزہ علمیہ کو فقہی مسائل پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ موجودہ مسائل پر بھی توجہ دینی چاہئے اور یہ کام ذرائع ابلاغ کے ذریعے سے ہی انجام دیا جا سکتا ہے۔

شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ طلباء اور علماء اپنی تمام سرگرمیوں کو خدا کی خوشنودی کے لئے سرانجام دیتے ہوئے حوزہ علمیہ قم کی آواز کو دنیا کے تمام مسلمانوں اور علماء تک پہنچائیں اور یہ سب میڈیا کے توسط سے ممکن ہے۔

آیۃ اللہ صالحی نے مختلف زبانوں سے آشنائی حاصل کرنے کو شیعہ علماء کے لئے ضروری اور ان زبانوں پر عبور حاصل نہیں کرنے کو کمزوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ قم کو فقہی علوم کے ساتھ طلباء کو جدید ترین علوم سے آراستہ کرنا چاہئے۔

شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ نے حوزہ ہائے علمیہ نجف اور قم میں اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ طلباء کو در پیش مشکلات میں خداوند متعال پر توکل اور اہل بیت علیہم السلام سے متوسل رہنے کے ساتھ تمام علمی پہلوؤں میں ایک اعلیٰ مقام تک پہنچنا چاہئے۔

آیۃ اللہ محمد ہاشم صالحی مدرس نے میڈیا کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں حوزہ ہائے علمیہ ایران کا خبر رساں ادارہ "حوزہ نیوز ایجنسی"کی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں اور یہ انقلاب اسلامی کی فتح کا نتیجہ ہے۔ اس تعلیمی ادارے کی میڈیا سرگرمیوں کو بھی دیگر علوم کی طرح اہمیت دی جانے کی ضرورت ہے۔

شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ نے کہا کہ طلباء کے ہنر کی شناخت ہونی چاہئے، عالم تشیع کے لئے باعث فخر مایہ ناز علمائے کرام اور شخصیات کی یاد داشت بھی ایک ضروری اور اہم سرگرمی ہے جسے حوزہ علمیہ کے ذرائع ابلاغ کے ذریعے فروغ دینا چاہئے۔

آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین برتہ نے شیعہ علماء کونسل افغانستان کے سربراہ آیۃ اللہ محمد ہاشم صالحی مدرس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ کے ذرائع ابلاغ کو تمام مخاطبین کے ساتھ یکساں سلوک کرنے کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی علماء اور حوزہ ہائے علمیہ کے سربراہوں کی مختلف دینی،سیاسی اور علمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قلم کار اور رضا کارانہ خدمات سرانجام دینے والے نوجوان طلباء کی علمی اور ثقافتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .